اسلام آباد: الیکشن کمیشن میں گوجرانوالہ کے ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی، جہاں اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انتخابی مہم کے دوران ہیلی کاپٹر پر حلقے کا دورہ کیا اور عوامی اجتماع سے خطاب کرکے الیکشن ایکٹ اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اطلاعات کو دو سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم اور حکومت کو احکامات جاری کرسکتا ہے، لیکن حکومت الیکشن کمیشن کو ہدایات نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، تاہم واضح کردوں کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کی جانب سے اساتذہ کی انتخابی ڈیوٹیاں نہ لگانے کے مبینہ حکم پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کیسے حکم دے دیا کہ اساتذہ کی الیکشن ڈیوٹیاں نہیں لگائی جائیں گی؟ الیکشن کمیشن انتخابی عمل کے لیے عملہ کہاں سے لائے گا؟
سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب اسمبلی کے ارکان کی سرزنش بھی کی۔ پارلیمانی سیکرٹری صحت اسما عباسی کے مسکرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی پنجاب اسمبلی کی نشست بھی جاسکتی ہے، مسکرا کر آپ کو توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری ہوسکتا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے عطا تارڑ کے ہیلی کاپٹر پر حلقے کے دورے سے متعلق بھی سوالات اٹھائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیر اطلاعات نے کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کیا تھا، جو ضلعی انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے انہیں ہدایت کی کہ وہ قانون پڑھ کر آئیں۔اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے دوبارہ بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دو سال تک سزا ہوسکتی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مرتب کرلی ہے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او)، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) اور ریٹرننگ آفیسر (آر او) کو رپورٹ پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا، وہ کہاں ہیں؟ اس پر ان کے وکیل سجیل سواتی نے بتایا کہ وزیر اطلاعات سرکاری غیر ملکی دورے پر ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ وزیر اطلاعات نے دورے میں صرف میڈیا کوریج ہی کرنی ہے، اور کیا کرنا ہے؟ انہوں نے آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا۔