لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار جان ریمبو نے اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث بچوں کے ساتھ مناسب وقت نہ گزار پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی اور ترقی کی دوڑ میں وہ اپنی اولاد سے دور ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے اپنے ایک بیان میں جان ریمبو نے اعتراف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں مصروفیات کے باعث وہ اپنے بچوں کو وہ وقت نہیں دے سکے جس کے وہ خواہش مند تھے۔اداکار کا کہنا تھا کہ اب وہ اکثر اپنی اہلیہ سے کہتے ہیں کہ بچوں کو کچھ دیر ان کے پاس بیٹھنے کے لیے کہا کریں تاکہ وہ ان کے ساتھ وقت گزار سکیں۔جان ریمبو نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچے ایک ہی گھر میں موجود ہوتے ہیں لیکن زیادہ تر اپنے اپنے کمروں میں رہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ بچے کچھ دیر ان کے پاس آکر بیٹھیں اور وہ ان کے ساتھ وقت گزار سکیں۔اداکار کے مطابق انہیں اب اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کی مصروفیات میں بچوں کے ساتھ گزارے جانے والے قیمتی لمحات پیچھے رہ گئے۔