جان ریمبو بیٹے کی گریجویشن پر جذباتی، لمز سے تعلیم مکمل کرنا زندگی کا سب سے بڑا اعزاز قرار دے دیا

جان ریمبو بیٹے کی گریجویشن پر جذباتی، لمز سے تعلیم مکمل کرنا زندگی کا سب سے بڑا اعزاز قرار دے دیا

لاہور: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار جان ریمبو نے اپنے بیٹے احسن خان کی گریجویشن مکمل ہونے پر خوشی اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز قرار دے دیا۔

اداکار جان ریمبو، جن کا اصل نام افضل خان ہے، اپنی اہلیہ اداکارہ صاحبہ افضل کے ہمراہ بیٹے کی گریجویشن تقریب میں شریک ہوئے۔ احسن خان نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) سے اپنی تعلیم مکمل کی، جس پر والدین نے خوشی کا اظہار کیا۔اس خوشی کے موقع پر جان ریمبو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہیں بیٹے کی کامیابی پر انتہائی خوش اور جذباتی دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں اداکار نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین باپ محسوس کر رہے ہیں۔

جان ریمبو کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں اپنے فنی کیریئر کے دوران انہیں متعدد ایوارڈز ملے اور کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں، لیکن بیٹے کا لمز سے گریجویشن مکمل کرنا ان کے لیے ان تمام اعزازات سے بڑھ کر ہے۔اداکار نے بیٹے کی تعلیمی کامیابی کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا ایوارڈ قرار دیتے ہوئے والدین کے لیے اولاد کی کامیابی اور خوشی کو ایک خاص اعزاز قرار دیا۔