ماسکو/ابوظبی: روس کے یوکرین سے متعلق چیف مذاکرات کار ولادیمیر میڈنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدہ پہلے سے زیادہ قریب دکھائی دے رہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی پیش رفت کا انحصار یوکرین، امریکا اور یورپی ممالک کے کردار پر ہوگا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ولادیمیر میڈنسکی نے بدھ کو ابوظبی میں روس اور یوکرین کے درمیان ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے اختتام پر روسی سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کی جانب پیش رفت ہوئی ہے، تاہم اس کا دارومدار مذاکرات میں شامل تمام فریقوں کے رویے اور فیصلوں پر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا، لیکن روس یہ نہیں سمجھتا کہ یورپی ممالک کو مذاکرات میں شامل کرنے کی ضرورت کیوں ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یورپی ممالک کی جانب سے اب تک کوئی ٹھوس امن تجویز سامنے نہیں آئی۔ابوظبی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران روس اور یوکرین کے نمائندوں نے بعض معاملات پر پیش رفت کی اطلاع دی، تاہم امریکی ثالثوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان بدستور موجود ہے اور علاقائی معاملات سمیت کئی اہم امور پر اختلافات برقرار ہیں۔
یوکرین کے چیف مذاکرات کار رستم عمروف نے بھی مذاکرات میں پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان بڑے اختلافات ابھی حل طلب ہیں اور امن معاہدے تک پہنچنے کے لیے مزید مشکل مراحل طے کرنا باقی ہیں۔ولادیمیر میڈنسکی نے روس کے ہدف کو ایک نئے اور جدید ’یلٹا اور پوٹسڈیم‘ معاہدے سے تشبیہ دی۔ ان کا اشارہ 1945 میں ہونے والی ان تاریخی کانفرنسوں کی جانب تھا جن میں دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کے مستقبل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے تھے۔دوسری جانب امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر جمعرات کو پہلے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ ڈبلن روانہ ہوں گے جہاں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کو ابوظبی مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔
جیرڈ کشنر کے مطابق امریکی وفد روسی صدر سے ملاقات کے دوران ابوظبی میں زیرِ بحث آنے والی تجاویز پر مزید پیش رفت کی کوشش کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران بعض نئے امکانات بھی سامنے آئے ہیں۔ابوظبی مذاکرات کا ایک اہم نتیجہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہے۔ جیرڈ کشنر نے اسے دونوں ممالک کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا انسانی بنیادوں پر قیدیوں کا تبادلہ قرار دیا۔ان کے مطابق تبادلے میں شامل قیدیوں کی حتمی تعداد اگلے روز طے کی جائے گی، تاہم اس حوالے سے روس، یوکرین یا امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔