16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی درخواست، لاہور ہائیکورٹ میں سماعت جاری

16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی درخواست، لاہور ہائیکورٹ میں سماعت جاری

لاہور: 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کرنے کے لیے دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت جاری ہے۔

 عدالت نے معاملے کی اہمیت کے پیش نظر اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر رکھا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم درخواست گزار علائیہ سلیم کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کر رہی ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور اس حوالے سے ضروری قانونی و انتظامی اقدامات کا حکم دیا جائے۔عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں تاکہ وہ درخواست میں اٹھائے گئے قانونی اور آئینی نکات پر عدالت کی معاونت کریں۔سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل رفاقت علی ڈوگر پیش ہوں گے، جبکہ عدالت نے متعلقہ حکام کو معاملے کے مختلف پہلوؤں پر معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کم عمر بچوں کا سوشل میڈیا کا غیر محتاط استعمال ان کی تعلیم، ذہنی نشوونما اور سماجی زندگی پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ اس لیے بچوں کو سوشل میڈیا کے ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب ضابطہ کار اور پابندیوں کی ضرورت ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو محدود یا ممنوع قرار دینے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کرنے کا حکم دیا جائے۔