گیس صارفین کیلئے بری خبر، سوئی کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کی درخواست دے دی

گیس صارفین کیلئے بری خبر، سوئی کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافے کی درخواست دے دی

اسلام آباد: گیس صارفین کے لیے ایک اور مہنگائی کا خدشہ پیدا ہوگیا، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کمپنیوں نے گیس کی اوسط قیمتوں میں اضافے کے لیے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں درخواستیں جمع کرا دی ہیں۔

 دونوں کمپنیوں نے مجوزہ اضافے کا اطلاق رواں مالی سال یکم جولائی سے کرنے کی درخواست کی ہے۔درخواستوں کے مطابق سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 10 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز دی ہے، جس کے بعد اوسط قیمت 1702 روپے سے بڑھا کر 1712 روپے 40 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔دوسری جانب سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 366 روپے 75 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ کمپنی نے گیس کی اوسط قیمت 2071 روپے 75 پیسے سے بڑھا کر 2438 روپے 50 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔سوئی ناردرن نے اپنی درخواست میں ایل این جی سروس کی لاگت کی مد میں 60 ارب 14 کروڑ 70 لاکھ روپے بھی شامل کیے ہیں۔ درخواست کے مطابق کمپنی کے لیے ایل این جی کی لاگت 471 روپے 16 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگی۔کمپنی کا مؤقف ہے کہ موسم سرما کے دوران مقامی گیس کی محدود دستیابی کے باعث طلب پوری کرنے کے لیے اضافی گیس کا انتظام کرنا ضروری ہوگا۔ اس مقصد کے لیے ایل این جی کے 16 کارگوز درکار ہوں گے تاکہ صارفین کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

گیس کمپنیوں نے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کو بھی گیس کی قیمتوں میں اضافے کی اہم وجوہات میں شامل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور گیس کی فراہمی کے اخراجات کے باعث قیمتوں کا تعین نئے سرے سے کرنا ضروری ہے۔دونوں کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں پر اوگرا سماعت کرے گا، جس میں متعلقہ کمپنیوں کے مالی اخراجات، گیس کی خریداری، ترسیل اور دیگر عوامل کا جائزہ لیا جائے گا۔اوگرا سماعت مکمل ہونے کے بعد گیس کی اوسط قیمتوں سے متعلق اپنا فیصلہ جاری کرے گا۔ تاہم واضح رہے کہ کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستیں محض تجاویز ہیں اور قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ اوگرا کی منظوری کے بعد ہی ہوگا۔