سوئی نادرن گیس کا نرخوں میں بڑے اضافے کی درخواست، صارفین پریشان

سوئی نادرن گیس کا نرخوں میں بڑے اضافے کی درخواست، صارفین پریشان

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں درخواست دائر کی ہے جس میں گیس کی قیمت میں 735 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی استدعا کی گئی ہے۔

 اس اضافے سے صارفین پر 79 ارب 63 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اوگرا نے اس درخواست پر عوامی سماعت کا انعقاد کیا، جس میں ہوٹل، ٹیکسٹائل اور دیگر کمرشل صارفین نے قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کی۔اوگرا کی سماعت کے دوران سوئی ناردرن گیس کے حکام نے گھریلو صارفین کے کنکشنز پر عائد پابندیاں ہٹانے کی درخواست کی۔ ان کا موقف تھا کہ مہنگی ایل این جی خرید کر سستی فروخت نہیں کی جا سکتی، جس کے باعث مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ اوگرا کے ممبر فنانس اور سوئی ناردرن کے چیف فنانس افسر کے درمیان ایل این جی ڈائیورژن پر تکرار بھی ہوئی، جس میں ممبر فنانس نے تیاری نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔​

حکام کے مطابق، گھریلو کنکشنز کی بندش سے ریونیو میں کمی ہو رہی ہے، اور قیمتوں میں اضافے کی اجازت دی جائے تاکہ اخراجات اور توسیعی منصوبوں کو پورا کیا جا سکے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے پہلے ہی پریشان ہیں، اور متعدد کمرشل صارفین اپنے سوئی گیس کنکشن منقطع کروا چکے ہیں۔​اوگرا نے اس درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کیا ہے، اور وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔​