ایسے شواہد موجود ہیں جن کے مطابق پریزائیڈنگ افسر نے بوگس ووٹ ڈالے جانے کا اعتراف کیا ہے
اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن نے این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی شکایات پر ریٹرننگ افسر سے رپورٹ طلب کرلی۔بدھ کو این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی اور انتخابی بے ضابطگیوں کے خلاف مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار قاضی ابراہیم کی درخواست پر الیکشن کمیشن میں ابتدائی سماعت ہوئی۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ کی درخواست باقاعدہ قانونی شکل میں نہیں ہے۔اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جن کے مطابق ایک پریزائیڈنگ افسر نے بوگس ووٹ ڈالے جانے کا اعتراف کیا ہے، جبکہ مذکورہ پریزائیڈنگ افسر کا بیانِ حلفی بھی موجود ہے۔وکیل نے مزید بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران کئی حکومتی عہدیدار بھی حلقے میں گئے۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے 20 بیلٹ بکس جاری کیے گئے، تاہم پریزائیڈنگ افسر کو مقررہ تعداد سے کم بیلٹ بکس موصول ہوئے۔درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسر نے انہیں شواہد پیش کرنے کا موقع نہیں دیا اور نہ ہی حلقے کے نتائج مرتب کرنے کے لیے کوئی نوٹس جاری کیا گیا۔اس موقع پر الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکرٹری نے بینچ کو بتایا کہ حلقے کے نتائج مرتب کیے جا چکے ہیں، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ نتائج مرتب ہونے کے بعد کمیشن کے پاس کیا اختیار رہ جاتا ہے۔اس موقع پر الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، جبکہ درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔