اسلام آباد(آئی این پی ) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔ نشست پیپلز پارٹی کے نواب یوسف تالپور کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن کے جاری کردی شیڈول کے مطابق امیدوار 4سے 6مارچ تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں جبکہ 7مارچ کو عبوری فہرست جاری کی جائے گی۔کاغذات کی سکروٹنی 13مارچ تک مکمل ہوگی۔ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 24مارچ تک نمٹائی جائیں گی، کاغذات نامزدگی واپس لینے اور امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کی آخری تاریخ 26مارچ مقرر کی گئی ہے۔انتخابی نشان 27مارچ کو الاٹ کیے جائیں گے جبکہ پولنگ جمعرات 17 اپریل کو ہوگی۔