برطانوی فضائی اڈے پر حملے کی سازش تین افراد پر امریکہ میں فردِ جرم عائد

واشنگٹن،تہران(آئی این پی )امریکی محکمہ انصاف (ڈی او جے) نے تین ایسے افراد پر فردِ جرم عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جن کے بارے میں اس کا الزام ہے انھیں ایران کی حمایت حاصل تھی اور وہ امریکہ اور یورپ میں متعدد حملوں کی منصوبہ بندی میں شامل رہے۔محکمہ انصاف نے کہا کہ ایرانی عناصر نے حال ہی میں برطانیہ میں فضائیہ کے ایک اڈے پر دشت گردی کی سازش کی، اور دعوی کیا کہ وہ برطانیہ میں ستمبر کے دوران آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب پیش آنے والے واقعے میں ملوث تھے، جہاں امریکی افواج تعینات تھیں۔ایک شخص، جو ایرانی اور عراقی شہریت رکھتا ہے، پر الزام ہے کہ اس نے نیو یارک کی ایک جیل سے برطانیہ میں اپنے رابطوں کے ساتھ بات چیت کی، جہاں وہ پہلے سے عائد الزامات کے تحت مقدمے کا انتظار کر رہا ہے۔ باقی دو افراد پر الزام ہے کہ انھوں نے ایران سے یہی کام کیا۔ایران نے آر اے ایف فیئر فورڈ واقعے میں کسی بھی قسم کی مداخلت کی سختی سے تردید کی ہے۔یہ واقعہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب اڈے کے قریب مشتبہ گاڑیوں کی اطلاع ملی۔ اس واقعے کے سلسلے میں برطانیہ میں سات افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔محکمہ انصاف کے مطابق منگل کو منظرِ عام پر آنے والی فردِ جرم میں ایرانی شہری محسن مہاجری، عراقی شہری محمد علی الحسنی اور ایران اور عراق کی دہری شہریت رکھنے والے محمد باقر سعد داد السعدی پر الزامات عائد کیے گئے ہیں۔فردِ جرم کے مطابق ان تینوں نے یورپ میں ایسے حملوں کی منصوبہ بندی کی جو ایک مبینہ نئی تنظیم حرکت اصحاب الیمن الاسلامیہ (ایچ اے وائی آئی) کے نام سے کیے گئے۔محکمہ انصاف کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 2026 کے موسمِ بہار میں یورپ میں ہونے والے 18 دہشت گرد حملوں میں سے، جن کی ذمہ داری ایچ اے وائی آئی نے قبول کی، سات برطانیہ میں ہوئے۔بیان کے مطابق ان حملوں میں آتش زدگی، دھماکہ خیز مواد کا استعمال، اور ایک واقعے میں لندن میں دو یہودی افراد پر چاقو سے حملہ شامل تھے۔اپریل میں شمالی لندن کے علاقے گولڈرز گرین میں دو یہودی افراد پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ اس مقدمے میں ایک ملزم کا ٹرائل اگلے سال متوقع ہے۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے کہا کہیہ آٹھ نکاتی فردِ جرم یورپ اور امریکہ میں دہشت گرد حملے کرنے کے لئے ایران کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ تین ملزمان میں سے ایک نے زیرِ حراست رہتے ہوئے مستقبل میں تشدد کی کارروائیوں میں معاونت کیلئے خفیہ پیغامات بھیجے۔پٹیل کے مطابق ملزمان تقریبا 20 حملوں کی کوششوں میں شامل تھے، اور ان کا مقصدر ایران کی پاسداران انقلاب اور عراق میں ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا کتائب حزب اللہ کی مدد کرنا تھا۔ستمبر میں برطانیہ کے علاقے گلوسٹرشائر میں واقع آر اے ایف فیئر فورڈ اڈے کے قریب 27 ستمبر تین مشتبہ گاڑیاں دیکھی گئی تھیں۔ ان سے کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا تھا، تاہم وہاں موجود پیٹرول کی کچھ مقدار قبضے میں لی گئی تھی۔اسے ایک بڑا واقعہ قرار دیا گیا تھا۔محکمہ انصاف کے مطابق اگست میں الحسنی نے مبینہ طور پر برطانیہ میں اپنے ساتھیوں کو آر اے ایف فیئر فورڈ دہشت گردی کی سازش کے لیے ابتدائی تیاریوں اور انتظامات کی ہدایت دی اور اس کے لیے ادائیگیاں بھی کیں۔محکمے کے مطابق 22 اگست کو الحسنی نے ایک شخص کو ادائیگی کی تاکہ وہ آر اے ایف فیئر فورڈ کے اطراف کی نگرانی کرے۔محکمہ انصاف کا مزید الزام ہے کہ ستمبر میں الحسنی نے متعدد افراد کو اس منصوبے کی تیاری میں مدد کے لیے رقم فراہم کی۔لندن میں ایرانی سفارت خانے نے واقعے سے ایران کو جوڑنے والی باتوں کو بے بنیاد اور بد نیتی پر مبنی قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کیا ہے۔ایران سے منسلک اس مبینہ سازش کے سلسلے میں دو برطانوی شہری گذشتہ ماہ عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔اس واقعے کے بعد امریکہ نے آر اے ایف فیئر فورڈ سے اپنے تمام بمبار طیارے واپس بلا لیے تھے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کی وجہ اڈے کو لاحق بعض خطرات بتائی تھی۔آر اے ایف فیئر فورڈ کئی دہائیوں سے امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال ہے۔حالیہ مہینوں میں امریکہ نے اسی اڈے سے بی-ون اور بی-52 بمبار طیارے مشرقِ وسطی بھیجے تاکہ ایران کے خلاف کارروائیاں کی جا سکیں۔جولائی میں ایران نے کہا تھا: ایرانی سر زمین کے خلاف جارحیت کے لیے استعمال ہونے والا کوئی بھی اڈہ ہماری افواج کے لیے جائز ہدف تصور کیا جائے گا۔