ایران پر دوبارہ حملوں کا معاملہ، ٹرمپ اور نیتن یاہو میں فون پر شدید تلخ کلامی

واشنگٹن(آئی این پی) ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے درمیان ٹیلی فون پر شدید اختلافات کا انکشاف ہوا ہے ۔اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں رہنمائو ں کے درمیان ہفتے کے اختتام پر ہونے والی گفتگو میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے۔ ایک ذریعے نے اس گفتگو کو انتہائی تلخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جہنم جیسی چیخ و پکار والی گفتگو تھی۔تاہم نیتن یاہو کے دفتر نے دونوں رہنمائوں کے درمیان اختلافات اور تلخ کلامی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔