پیشہ ور سپاہی کیلئے نشانہ بازی میں مہارت اور درستگی انتہائی اہمیت رکھتی ہے فیلڈ مارشل

  آرمی نے بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپئن شپ جیت لی، آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم ’’اسکلز ایٹ آرمز‘‘ بگ بور نیشنل چیلنج میچ جیتا
فیلڈ مارشل  اور نیول چیف نے کامیاب نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کئے،  حوالدار فضل الرحمان نے  ’’ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ ٹرافی اپنے نام کرلی
راولپنڈی( آن لائن ) پاکستان آرمی نے چوتھی بین الخدماتی جنگی شوٹنگ چیمپئن شپ جیت لی، جبکہ پاک فوج کے آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم ’’اسکلز ایٹ آرمز‘‘ بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کی 46ویں سالانہ سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے شرکت کی اور مختلف مقابلوں کے فاتحین اور رنر اپ میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔مقابلوں میں سب سے بڑا فوجی شوٹنگ اعزاز ’’ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ ٹرافی (ڈولی کپ) پنجاب رجمنٹ کے حویلد ار فضل الرحمان کو دیا گیا۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔تقریب کے دوران شرکاء￿  سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت، درست نشانہ بازی اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا ایک پیشہ ور فوجی کی نمایاں پہچان ہے اور چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مکمل مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ برقرار رہنی چاہیے۔آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس بات پر زور دیا کہ ایک پیشہ ور سپاہی کے لیے نشانہ بازی میں مہارت اور درستگی انتہائی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال کی تربیت فوجی تربیت کا بنیادی جزو ہونی چاہیے۔