محمدکی وفا۔۔اقبال کا سرمایہ افتخار

امجد علی ( قسط۔۔۔دوئم)
کی محمد سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں

سوال یہ ہے کہ اقبال نے اپنی نسبت کے اظہار کے لیے ’’میں‘‘ کی بجائے ’’ہم‘‘ کا انتخاب کیوں کیا؟ اس انتخاب سے شعر کے مفہوم اور وسعت میں کیا فرق پیدا ہوتا ہے؟بظاہر ’’میں‘‘ ایک فرد کی انفرادی شناخت اور ’’ہم‘‘ اجتماع، کثرت اور اجتماعی نسبت کی نمائندگی کرتا ہے۔ تو کیا اقبال نے یہاں ’’ہم‘‘ کو اپنی ذات تک محدود نہیں رکھا، یا اس کے دائرے میں ایک پوری امت کو بھی شامل کر لیا ہے؟ کیا یہ محض شاعر کا اسلوب اظہار ہے یا اس کے پس الفاظ کوئی وسیع تر فکری اشارہ پوشیدہ ہے؟ایک دوسرے زاویے سے دیکھئیے تو یہاں ’’ہم‘‘ میں فرد بھی شامل ہے اور پوری امت بھی۔ گویا شاعر "وفا" کو محض ایک انفرادی دعوے کے بجائے اجتماعی نسبت اور مشترکہ شناخت کے اصول کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ ایسی نسبت جس میں انسان اپنی انفرادی و اجتماعی انسانی زندگی کو رسول اکرم  کے لائے ہوئے پیغام سے وابستہ کر لیتا ہے۔اس نسبت کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی خود ساختہ برتریوں، نسلی تفاخر، طبقاتی غرور، مال و منصب کے زعم اور نفسانی مرکزیت سے بلند ہو کر اس اعلیٰ اخلاقی ضابطہ حیات کا پیرو بنے جس کی تکمیل و تعلیم رسول اکرم ? کی سیرت مبارکہ میں جلوہ گر ہے۔ یہ اجتماعی حوالہ اس لیے بھی متعلق ہے کہ آپ کسی ایک قوم، نسل یا خطے کے لیے نہیں، بلکہ تمام عالمین کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمائے گئے۔اس کے باوجود لفظ ’’ہم‘‘ کا استعارہ ابھی اپنی تمام معنوی جہتوں کے ساتھ منکشف نہیں ہوا۔ اس کی یہ تشنگی دوسرے مصرعے کے اختتام پر ایک نئے فکری در وا کرتی ہے، جہاں شعر کا مفہوم فرد اور امت کی نسبت سے آگے بڑھ کر ایک ایسی وسعت اختیار کرتا ہے جس میں جہان، لوح اور قلم تک شاعر کے تصور وفا کے سامنے نئے معنی اختیار کر لیتے ہیں۔یوں ’’ہم تیرے ہیں‘‘ انفرادی سطح پر محض جذباتی سپردگی کا اظہار نہیں، بلکہ اپنے ارادے، کردار اور ترجیحات کو حق کے تابع کرنے کا ایک عہد ہے۔ اس عہد کے ذریعے انسان اپنی انانیت کے حصار سے نکل کر عبدیت کی وسعت میں داخل ہوتا ہے۔ وہ اپنے وجود کو بے مقصد آزادی کے سپرد کرنے کے بجائے اخلاقی ذمہ داری اور رضائے الٰہی کی جستجو سے وابستہ کر لیتا ہے۔فکری وسعتوں کے جہان اپنے اندر سموئے استعاروں کا یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں۔ دوسرے مصرعے کا آغاز ایک استفہامی انداز سے ہوتا ہے، ’’یہ جہاں چیز ہے کیا‘‘، بظاہر ایک مختصر سا سوال ہے، مگر اس کے باطن میں معنی کی کئی گہری جہتیں پوشیدہ ہیں۔
پہلی جہت کو اگر وفائے محمد  کی قدر و منزلت اور اس کے صلے کے تناظر میں دیکھا جائے تو مقام مصطفیٰ  کے سامنے اربوں صدیوں سے 
پھیلے، محو گردش لامتناہی افلاک، معلوم و نامعلوم جہانوں کی تمام وسعتیں اور کائنات کی بے کراں پہنائیاں بھی اپنی تمام تر عظمت کے باوجود ہیچ دکھائی دیتی ہیں۔ گویا شاعر اس حقیقت کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ نسبت مصطفوی ، اس سے وفا اور اس کے انعامات کے مقابلے میں کائنات کی وسعتیں بھی قابل ذکر حیثیت نہیں رکھتیں۔

دوسری جہت ہمیں ایک اور طرز فکر کی دعوت دیتی ہے۔ ذرا نگاہ اٹھا کر زمین و آسماں کا مشاہدہ کیجیے، طلوع ہوتے سورج کی عظمت دیکھیے، اس کے وجود، اس کی پرتوں، وسعتوں اور ممکنہ حدود کا تصور کیجیے، پھر ان تمام مظاہر کو اپنے فکری ترازو میں رکھ کر پرکھیے کہ شان مصطفیٰ ? کے سامنے ان کی حیثیت ہی کیا ہے! یہاں استفہام محض ایک سوال نہیں، بلکہ عظمت کے مروجہ پیمانوں کو ازسرنو جانچنے اور ان کی حقیقی قدر و منزلت متعین کرنے کی دعوت ہے۔ شاعر گویا انسان سے مخاطب ہے کہ جس نگاہ کو نسبت محمدی  اور وفائے مصطفیٰ  کی رفعت نصیب ہو جائے، اس کے سامنے دنیا کی ظاہری وسعتیں، دولت و اقتدار، شہرت و ناموری اور مادی کامیابیاں اپنی اصل حدود میں سمٹ کر رہ جاتی ہیں۔تب انسان پر منکشف ہوتا ہے کہ جن چیزوں کو وہ عظمت کا آخری معیار سمجھتا رہا، وہ کائنات کی ایک برتر حقیقت کے حضور کس قدر محدود، عارضی اور بے مایہ ہیں۔ اگر اس کے باوجود جہان گماں کی کوئی رمق باقی رہ جائے تو اپنی وفا کو رضائے مصطفیٰ  کے آئینے میں رکھ کر دیکھیے وہاں ہر عالم کی جنت بھی محمد کی غلامی و رفاقت کے انعام کے سامنے اپنی تمام تر وسعتوں کے باوجود بے حقیقت اور بمنزل عدم دکھائی دیتی ہے۔۔۔۔۔۔۔دنیا اور اس کی حقیقتوں کی درجہ بندی اپنی جگہ، مگر اقبال کا یہ سوال خود پیمانہ بندی کے مروجہ تصور کو الٹ کر رکھ دیتا ہے۔ وہ انسان کو دنیا سے فرار کی نہیں، بلکہ اسے اس کے حقیقی مقام پر رکھنے کی دعوت دیتے ہیں۔ جب سیرت نبوی  کی روشنی انسان کے اندر عدل، امانت، شجاعت، دیانت اور خدمت کا شعور بیدار کرتی ہے تو دنیا کی اشیا اس کی معبود نہیں رہتیں، بلکہ اس کے اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے وسائل بن جاتی ہیں۔ یوں کائنات کی نعمتیں اور اس کے وسائل اس کے لیے محض حصول منفعت کا سامان نہیں رہتے، بلکہ ذمہ داری، تعمیر اور خیر کے فروغ کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔یہی اس مصرعے کی ایک لطیف فکری جہت ہے کہ  شعور کی اس منزل تک وہی انسان پہنچ سکتا ہے جو رب کائنات کی برگزیدہ ہستی، رسول اکرم  سے وفا کو اپنی ترجیح اوّل اور مقصد حیات کا بنیادی حوالہ بنا لے۔
اب آئیے شعر کے اگلے اور آخری جملے ’’لوح و قلم تیرے ہیں‘‘ کی طرف، جو اس شعر کا شاید سب سے گہرا، پررمز اور فکری اعتبار سے سب سے نازک مقام ہے۔ لوح و قلم اسلامی علمی و روحانی روایت میں علم، کتابت، تقدیر اور امر الٰہی سے وابستہ عظیم علامتیں ہیں۔ قلم محض تحریر کا آلہ نہیں، بلکہ اظہار علم اور ثبت حقائق کا استعارہ ہے اور لوح اس ظرف کی علامت، جس پر علم و احکام کا اندراج ہوتا ہے یعنی مخزن علوم کل کائنات لوح ہے۔ گویا قلم امر کو صورت نقش و تحریر عطا کرتا ہے اور لوح اس کے اندراج و ظہور کا تصور پیش کرتی ہے۔ اس تناظر میں لوح و قلم کو کائنات کے علمی نقشے، اس کے نظام وجود اور اس میں جاری حکمت و تقدیر کے ایک جامع استعارے کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔۔۔۔ جاری ہے