پختونخوا حکومت کا امن جرگہ آج ، اعلامیہ تمام اداروں کو بھیجا جائیگا

جرگے کے بعد ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں اعلامیہ پیش کیا جائے گا
 پیپلز پارٹی ، ن لیگ سمیت 20 سے زائد سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت 
پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبر پختونخوا حکومت نے آج 12 نومبر کو ہونے والے امن جرگہ کا اعلامیہ وفاقی حکومت سمیت تمام سکیورٹی اداروں کو بھجوانے اور ایپکس کمیٹی میں پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔جرگے میں بڑی سیاسی جماعتوں سمیت تمام جماعتوں نے شرکت کا فیصلہ کیا ہے، جرگے کے شرکاء کو خصوصی پاس جاری کر دیئے گئے ہیں، جرگے کے روز غیر متعلقہ افراد کی شرکت پر پابندی ہوگی،خصوصی سکیورٹی پلان بنا لیا گیا ہے، اسمبلی میں 400 افراد کے بیٹھنے کا بندوبست کیا گیا۔خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے صوبے میں امن و امان کے قیام اور سکیورٹی اداروں کی جانب سے آپریشن کے حوالے سے امن جرگہ بلایا گیا ہے، جرگہ آج بدھ کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں ہوگا جس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی شرکت کریں گے جبکہ جرگے کی میزبانی سپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے، جرگے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق جرگے کے لیے 20 سے زائد سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی، اے این پی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز، جے یو آئی، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، مسلم لیگ (ق) سمیت تمام سیاسی جماعتوں، بار کونسل، وکلاء اور سول سوسائٹیز نے شرکت کی یقین دہانی کروا دی۔ ذرائع نے بتایا کہ جرگہ اعلامیہ کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی، وزیراعلیٰ اور سپیکر اسمبلی مشترکہ طور پر اعلامیہ جاری کریں گے،جرگے کے فوراً بعد ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جائے گا جس میں جرگے کا اعلامیہ پیش کیا جائے گا۔