بالی ووڈ کے معروف اور مقبول اداکار گووندا کو گزشتہ رات اچانک بے ہوش ہونے کے بعد ممبئی کے جوہو کے علاقے میں واقع کرٹی کیئر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق 61 سالہ اداکار گزشتہ شب طبی پیچیدگیوں اور ذہنی تناؤ کے سبب بے ہوش ہو گئے تھے۔ انہیں گھر پر پہلے طبی مشورہ دیا گیا اور دوا دی گئی، لیکن حالت بگڑنے پر فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا۔ ان کے قریبی دوست اور قانونی مشیر بندل نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ گووندا کو رات تقریباً ایک بجے ایمرجنسی میں اسپتال داخل کیا گیا، اور ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹس موصول ہونے کے بعد ہی مزید علاج کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ کوئی نئی بات نہیں کہ گووندا کو ذہنی اور جسمانی صحت کے مسائل کا سامنا رہتا ہے۔ چند ماہ قبل بھی وہ ایک حادثے کا شکار ہوئے تھے جب ان کی لائسنس یافتہ پستول غلطی سے چل گئی اور ان کی ٹانگ میں گولی لگ گئی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔اداکار کی صحت کے حوالے سے جاری صورتحال پر ان کے چاہنے والے اور فلمی دنیا کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مزید معلومات اور تازہ ترین اپڈیٹس کا انتظار ہے۔