پنجاب حکومت کا18سال سے کم عمر بچوں کے والدین کو وظیفہ دینے کا فیصلہ

بچوں کو مزدوری سے نکالنے پر والدین کو مشروط مالی معاونت دی جائے گی ‘ بچوں کیلئے تعلیمی اور فنی تربیتی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی
لاہور(آئی این پی )پنجاب حکومت  نے  18 سال سے کم عمر بچوں کے والدین کو ماہانہ وظیفہ فراہم  کرنے کا فیصلہ کیا ہے  تاکہ بچوں کو مزدوری سے نکال کر تعلیم و تربیت کی طرف لایا جا سکے۔حکومتی فیصلے کے تحت بچوں کو مزدوری سے نکالنے پر والدین کو مشروط مالی معاونت دی جائے گی جبکہ مالی معاونت کے بعد بچوں کیلئے تعلیمی اور فنی تربیتی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کیلئے ٹاسک کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں جو جامع پلان تیار کریں گی۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے موجودہ قوانین میں ترامیم کیلئے سفارشات بھی طلب کر لی ہیں جبکہ کمیٹیوں کو چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے 20 سے زائد ٹاسک سونپے گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے بچوں کی ڈیجیٹل میپنگ اور جیو ٹیگنگ کی جائے گی جبکہ ہیلپ لائن اور بحالی مراکز بھی قائم کئے جائیں گے۔ سوشیو اکنامک سروے کے تحت مستحق والدین کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔