سپیکر ایاز صادق کو دوران اجلاس زبردستی کرسی سے اتاردیا جائے:محمود اچکزئی پارٹی رہنمائوں کی مخالفت

سپیکر کی کرسی پر حملہ پارلیمان اور جمہوریت پر حملہ  ہوگا‘پوزیشن کے لئے پارلیمنٹ کے دروازے بند ہو جائیں گے:بیرسٹرگوہر‘علی محمد خان
 ہمیشہ جمہوری انداز میں ایوان کو چلایا اور آئین و قانون کی پاسداری کی ہے‘ ایسی کسی بھی حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا:ایازصادق
 اسلام آباد( آن لائن )قومی اسمبلی میں نامزد اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی جانب سے  اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق پر حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف  ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق  قومی اسمبلی میں آج ایک متنازعہ واقعہ پیش آیا جب اپوزیشن رکن  محمود خان اچکزئی نے سپیکر سردار ایاز صادق  کو دوران اجلاس زبردستی کرسی سے اتارنے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اچکزئی نے اپوزیشن لابی میں کہا کہ  اگر ہمیں اپنا حق لینا ہے تو یہ سب کرنا پڑے گا۔اس منصوبے کی سخت مخالفت کئی اہم رہنماؤں نے کی جن میں بیرسٹر گوہر، علی محمد خان، عامر ڈوگر  شامل ہیں۔ ارکان کا کہنا تھا کہ سپیکر کی کرسی پر حملہ پارلیمان اور جمہوریت پر حملہ  ہوگا اور اس سے خود اپوزیشن کے لیے پارلیمنٹ کے دروازے بند ہو جائیں گے۔ مخالفت کے بعد محمود خان اچکزئی  خاموش ہوگئے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی  سردار ایاز صادق  نے اس واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا یہ اوچھی حرکتیں کرکے اپنا اصل چہرہ دکھا رہے ہیں۔ میں نے ہمیشہ جمہوری انداز میں ایوان کو چلایا اور آئین و قانون کی پاسداری کی ہے۔ ایسی کسی بھی حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی استفسار کیا کہ گر اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نہیں بنایا گیا تو کیا وہ سب کریں گے؟