پاکستان سے کوئی حملہ ہوا تو فوری جوابی کارروائی ہوگی، اسلام آباد کو براہِ راست نشانہ بنایا جائے گا:طالبان حکام کی بڑھک
اسلام آباد(آئی این پی) افغانستان میں پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کے دوران پڑھے گئے پاکستان مخالف ترانوں نے خطے میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔رپورٹس کے مطابق تقریب کے دوران پڑھے گئے ترانوں میں اسلام آباد کو آگ لگانے اور لاہور میں جھنڈے گاڑنے جیسے اشتعال انگیز اشعار شامل تھے۔تقریب میں پاکستان کے خلاف شدید نفرت انگیز زبان استعمال کی گئی جس نے سفارتی حلقوں میں سوالات اٹھا دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے وزیر نوراللہ نوری نے 7 نومبر کو سندھ اور پنجاب پر حملوں کی دھمکی دی تھی‘دریں اثناء افغان نیوز ایجنسی نے طالبان حکام کی جانب سے پاکستان پر کارروائی کا عندیہ دے دیا۔نیوز ایجنسی کے مطابق افغان حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سے کوئی حملہ ہوا تو فوری جوابی کارروائی ہوگی، اگر افغانستان پر حملہ ہوا تو اسلام آباد کو براہِ راست نشانہ بنایا جائے گا۔افغان حکام کے مطابق جوابی حملے کی پالیسی اب افغانستان حکومت واضح کر گئی، نیوز ایجنسی کے مطابق افغان فریق مذاکرات کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔افغان حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی وفد نے مذاکرات میں غیر سنجیدہ رویہ دکھایا۔