ویب ڈیسک:پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے متعدد راستے ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔
موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے گزشتہ شب 9:30 بجے بند کر دی گئی، جبکہ موٹر وے ایم 3 اور لاہور-ملتان موٹر وے کو بھی دھند اور سموگ کی وجہ سے بند کیا گیا۔ لاہور-سیالکوٹ موٹر وے رات ساڑھے 10 بجے بند کی گئی، اور موٹر وے ایم 11 بھی بند ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے کہا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت کے پیش نظر بند کیا جاتا ہے اور مسافروں کو دن کے اوقات میں سفر کرنے کی ہدایت دی ہے، خاص کر صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند میں بہتر سفری وقت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تیز رفتاری سے بچیں، اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ مزید معلومات کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔