ویب ڈیسک:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوئی ہے، جس کی وجہ چین میں فیول کی طلب میں کمی بتائی جا رہی ہے۔
چین کی جانب سے معیشت کو سپورٹ کرنے کے لیے نئے پلانز کے باوجود سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہ ہو سکا، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی طلب میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔
لندن برینٹ آئل کی قیمت میں 2 فیصد کمی ہوئی، جس سے یہ 1.48 ڈالر کم ہو کر 72.39 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ اسی طرح، امریکی خام تیل کی قیمت میں 2.32 فیصد کمی ہوئی اور یہ 1.60 ڈالر کم ہو کر 68.78 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر ڈالر کی مضبوطی کے باعث خام تیل اور سونے کی قیمتوں میں بھی کمی ہو رہی ہے۔ اس کمی کا فائدہ پاکستان جیسے ملکوں کو ہو سکتا ہے، جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان بڑھ گیا ہے۔ پاکستان میں اس وقت مہنگائی کے باعث عوام پر بوجھ ہے، اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے، جس سے عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔