دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کے لوے سیکیورٹی فورسز اور حکومت مل کر لڑیں گے :وزیراعلی
کوئٹہ (آئی این پی )بلوچستان کابینہ نے صوبے میں بحالی امن کے لیے سیکیورٹی اداروں کے مربوط اقدامات کو نتیجہ خیز بنانے سے متعلق ایکٹ کی منظوری دے دی۔ وزیر ا علی بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ریلوے اسٹیشن بم دھماکے کے شہدا کے لیے دعا کی گئی۔صوبائی کابینہ نے ریلوے اسٹیشن بم دھماکے کی شدید مذمت کی، اجلاس میں بلوچستان سیکورٹی آف وینر ایبل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 2024 کی منظوری دی گئی۔ایکٹ کے تحت بلوچستان میں بحالی امن کے لیے مختلف سیکیورٹی اداروں کے مربوط اقدامات کو بار آور بنایا جائے گا، ایکٹ میں بحالی امن کیلئے ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور حکومت مل کر لڑیں گے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پختہ عزم سے کام کررہے ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ کرکے امن کی بحالی کو یقینی بنائیں گے۔