عمران خان کا نام نشر نہ کرنے کا حکم نامہ جاری نہیں کیا : پیمرا

 نام نشر نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پیمرا نے اپنی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرادی
    لاہور(کورٹ رپورٹر) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا)نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام نشر نہ کرنے کے حوالے سے اپنا جواب عدالت میں جمع کروا دیا،پیمرا کا کہنا ہے  عمران خان کا نام نشر نہ کرنے کا کوئی حکمنامہ جاری نہیں کیاگیا،لاہور ہائی کورٹ میں نجی ٹی وی چینلز کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کا نام نشر نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس فاروق حیدر نے کیس کی سماعت کی، وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیر حمزہ ڈوگر پیش ہوئے۔دوران سماعت عمران خان کا نام نشر نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پیمرا نے اپنی رپورٹ عدالت عالیہ میں جمع کرادی۔عدالت میں جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں پیمرا نے کہا کہ اس نے بانی پی ٹی آئی عمران کا نام نشر نہ کرنے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔درخواست گزار نے پیمرا کی جانب سے ایسے کسی حکم سے متعلق ثبوت نہیں دیا۔