ڈی آئی جی ٹریفک نے صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے بعد ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز سید ندیم عباس نے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ ٹریفک قوانین کا 100 فیصد نفاذ یقینی بنایا جائے۔ خاص طور پر ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ اور لین لائن کی خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کرنے اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک منظم اور بھرپور مہم چلائی جائے گی تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط بہتر بنایا جا سکے۔ اس مہم کے دوران یکساں قانون کے نفاذ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹریفک ہیڈکوارٹرز 7 روز بعد تمام اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لے گا اور رپورٹ طلب کی جائے گی۔
ٹریفک ہیڈ آف پنجاب محمد وقاص نذیر نے ایجوکیشن ٹیمز کو ہدایت دی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس اور ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔اسی حوالے سے ایس ایس پی ہیڈکوارٹرز سید ندیم عباس نے مراسلہ جاری کرتے ہوئے تمام فیلڈ افسران کو سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔