لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ماڈل روڈز پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو قوانین کی پابندی کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق، اب تک مجموعی طور پر 2132 چالان کیے گئے ہیں، اور سنگین خلاف ورزیوں پر 818 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، لین لائن کی خلاف ورزی پر 690 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی، ون وے کی خلاف ورزی پر 185 موٹر سائیکل سواروں کو چالان جاری کیے گئے۔
ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر 24 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں آئی، اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 630 بائیک رائیڈرز کو چالان کیا گیا۔ اسی طرح، رکاوٹ بننے والے 6 موٹر سائیکل سواروں اور 9 کم عمر ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
سی ٹی او لاہور نے انفورسمنٹ مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے افسران سے فی گھنٹہ کارکردگی رپورٹ طلب کر لی ہے، اور ڈویژنل ایس پیز و سرکل افسران کو فیلڈ میں ذاتی نگرانی کی ہدایت جاری کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے یہ کریک ڈاؤن مزید موثر اور سخت کیا جائے گا۔