صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں عوامی مفاد سے متعلق متعدد اہم اور بڑے فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔
ان کے مطابق حکومت نے پہلی بار اپنی انشورنس کمپنی قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے ذریعے پنجاب کے سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو انشورنس سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کو سرکاری سطح پر سماجی تحفظ کے نظام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کے پسماندہ اور کچے کے علاقوں کی ترقی کے لیے 23 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی فنڈ مختص کیا گیا ہے، جس کا مقصد بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنا ہے۔عظمیٰ بخاری کے مطابق “اپنا کھیت اپنا روزگار” اسکیم کے تحت اب تک 2 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ اس منصوبے میں 30 ہزار افراد کے لیے مواقع کی نشاندہی بھی کر لی گئی ہے۔اس کے علاوہ پنجاب کابینہ نے اقلیتی برادری کے لیے مینارٹی کارڈ کے فنڈز میں اضافے کی بھی منظوری دی ہے، تاکہ اقلیتوں کو مزید سہولیات اور مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔