خیبر پختونخوا کے وزیرِ خوراک ظاہر شاہ طورو نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ انہیں صرف خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف بیانات دینے کے لیے کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
ظاہر شاہ طورو نے اپنے بیان میں کہا کہ عظمیٰ بخاری پنجاب حکومت کی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت پر تنقید کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبر پختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہے، جبکہ پنجاب کے عوام اب وہاں کی "جعلی حکومت" کو مزید برداشت نہیں کر سکتے۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں کسی حکومت نے اتنے منصوبے شروع نہیں کیے جتنے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے صرف ایک سال میں مکمل کر دیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پنجاب حکومت نے ایک سال میں کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، جبکہ مخالفین صرف زبان درازی کے ریکارڈ بنا رہے ہیں۔ظاہر شاہ طورو کے اس بیان سے دونوں صوبوں کی حکومتوں کے درمیان جاری سیاسی محاذ آرائی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔