تھرپارکر کے علاقے ننگر پارکر اور گرد و نواح میں شدید گرمی اور پانی کی قلت کے باعث گزشتہ دو روز کے دوران 13 مور ہلاک ہوگئے ہیں، جس سے مقامی جنگلی حیات کے تحفظ پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
اسسٹنٹ کنزرویٹر وائلڈ لائف کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موروں کی ہلاکتیں کسی بیماری کے باعث نہیں بلکہ شدید ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے سبب ہو رہی ہیں۔ علاقے میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ اور پینے کے پانی کی کمی نے پرندوں کی حالت مزید خراب کر دی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ موروں کو بچانے کے لیے فوری اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں اور انہیں ملٹی وٹامنز اور ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔وائلڈ لائف حکام کے مطابق علاقے میں صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور مزید ہلاکتوں سے بچاؤ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق اگر گرمی کی شدت اور پانی کی قلت برقرار رہی تو جنگلی حیات کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔