ڈی آئی جی آپریشنز نے کھلی کچہری میں شکایات پر کارروائی کے احکامات جاری کیے
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ خواتین سے متعلق جرائم، ہراسگی، تشدد، کردار کشی اور دھمکیوں کے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام بروقت مدد کیلئے فوری پولیس سے رابطہ کریں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کھلی کچہری میں شرکت کی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے موصول ہونے والی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو بلا تاخیر قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ فیصل کامران نے ایک خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کی گرفتاری کیلئے ایس ایچ او نواب کوٹ کو فوری کارروائی کا حکم دیا جبکہ دھمکیوں اور لڑائی جھگڑے کی دیگر شکایات پر بھی متعلقہ افسران کو قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔