ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا فیصلہ

بغیر ہیلمٹ، ون وے، اوورلوڈنگ اور بغیر ترپال لوڈر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے : سی ٹی او
لاہور (کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے دونوں ایس ایس پیز اور تمام سرکل افسران کے ساتھ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ روڈ، محفوظ پنجاب ویڑن کے تحت ٹریفک اصلاحات اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے جبکہ ٹریفک قوانین، خصوصاً لین لائن اور اوورلوڈنگ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کمزور ہیلمٹ انفورسمنٹ پر متعلقہ سیکٹر انچارج اور ڈی ایس پی کو جوابدہ قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، ون وے اور لین لائن کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دی جائے۔ سی ٹی او لاہور نے مال بردار گاڑیوں، ریت، مٹی اور بھوسہ لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈا ئون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالیاں یا دیگر لوڈر گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چلنی چاہئیں۔ انہوں نے تمام کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس چیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں پیدل سڑک عبور کرنے والے شہریوں کے لیے آگاہی مہم چلانے اور مختلف مقامات پر انتباہی بورڈز نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ افسران کو منظم ٹریفک کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔