کوہاٹ: شہری کی جرات نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

کوہاٹ: شہری کی جرات نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا

بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل، کوہاٹ کے قریب پیش آنے والا یہ واقعہ ایک عام شہری کی غیرمعمولی بہادری اور قربانی کی مثال ہے۔

 شہید لیاقت نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر مشتبہ خودکش حملہ آور کو روکا اور اس کی شناخت پوچھ کر ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا۔ ان کی بروقت جرات کے باعث حساس چیک پوسٹ اور اردگرد موجود متعدد شہری محفوظ رہے۔اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے بوکھلاہٹ میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں شہید لیاقت موقع پر جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔ شہید لیاقت، جو پاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ ملازم تھے، نے اپنی بہادری سے یہ ثابت کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صرف سیکیورٹی ادارے ہی نہیں بلکہ عام شہری بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ واقعہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان کے عوام، افواج اور پولیس دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کے سامنے متحد ہیں۔ شہید لیاقت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، کیونکہ انہوں نے اپنی جان دے کر بے شمار قیمتی جانیں بچائیں۔