پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس کی بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) ٹیم نے ہائی اسکول کے قریب نصب ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) ناکارہ بنا کر ممکنہ بڑے نقصان سے بچا لیا۔
پولیس کے مطابق ہنگو کے علاقے درسمند میں ہائی اسکول کے قریب دھماکا خیز مواد نصب ہونے کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ ایس ایچ او دوآبہ وحید نور خان کی قیادت میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا۔پولیس حکام کے مطابق بم میں تقریباً 5 سے 6 کلوگرام بارودی مواد موجود تھا۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں دھماکا خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا، جس سے علاقے میں ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت
ڈی پی او ہنگو صلاح الدین کنڈی نے متعلقہ حکام کو علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔پولیس کے مطابق علاقے میں ممکنہ خطرات کے خاتمے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی اہلکار صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ہائی اسکول کے قریب دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے باعث واقعے نے علاقے میں سکیورٹی کے حوالے سے تشویش پیدا کی، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا گیا۔