ڈھاکا ٹیسٹ بنگلہ دیش کو دوسری اننگز میں 179 رنز کی برتری

 مومن الحق 56 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، جبکہ کپتان شنتو نے نصف سینچری مکمل کی
ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے اختتام تک میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا لیے ہیں اور اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 179 رنز کی برتری حاصل ہو چکی ہے۔ڈھاکا میں کھیلے جا رہے میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔ اوپننگ جوڑی نے اسکور کو 15 رنز تک پہنچایا تھا کہ محمد عباس نے محمود الحسن جوئے کو آؤٹ کر کے پہلی کامیابی دلائی۔اس کے کچھ ہی دیر بعد بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 23 رنز پر گری، جب شادمان اسلام 10 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔تیسری وکٹ کے لیے مومن الحق اور کپتان نجم الحسین شنتو کے درمیان 105 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ مومن الحق 56 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، جبکہ کپتان شنتو نے نصف سینچری مکمل کی۔ چوتھے دن کے اختتام تک بنگلہ دیش نے 3 وکٹوں پر 152 رنز بنا لیے تھے۔ نجم الحسین شنتو 58 اور مشفق الرحیم 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔میچ کے دوران بارش کے باعث قریباً 3 گھنٹے کا کھیل متاثر ہوا۔