محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آندھی، جھکڑ، اور موسلادھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چھ سے آٹھ گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور پوٹھوہار ریجن میں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری، گلیات اور گردونواح کے علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسی طرح میانوالی، گجرات، سیالکوٹ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے، جو مزید مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے علاقوں کو بھی خبردار کیا ہے، جہاں کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح سوات، دیر، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، کرم، خیبر اور وزیرستان میں بھی تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ موسم کے اس غیر مستحکم دور میں اپنے محفوظ مقام پر رہنے اور سڑکوں پر احتیاط سے چلنے کی کوشش کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے بچا جا سکے۔