پنجاب: آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

پنجاب: آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 2 جون سے 5 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ اور گردونواح میں بارش متوقع ہے، جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔عمر جاوید نے بتایا کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آسمانی بجلی اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے مقامات، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ متوقع بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں اور زرعی سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔اس کے علاوہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔