عدالتی فیصلہ ایک اشارہ ہے، عوام کو پتہ چل گیا 9 مئی کیس جھوٹا بیانیہ تھا پی ٹی آئی

 فیصلے کو ایوانوں میں بیٹھے لوگ سمجھ جائیں تو اچھا ہے ورنہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے‘کوئی بھی فیصلہ ہمارے خلاف آتا ہے  اس کیخلاف اپیلیں دائر کریں گے
بڑی دیر کے بعد  ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ملا‘سپریم کورٹ کے شکر گزار ہیں حقائق کو سامنے رکھ کر فیصلہ دیا: سلمان اکرم، عامر ڈوگر، لطیف کھوسہ کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی)پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک اشارہ ہے، عوام کو پتہ  چل گیا ہے نو مئی کا کیس ایک جھوٹا بیانیہ تھا، ہم سمجھتے ہیں ہمیں انصاف ملے گا۔اسلام آباد میں واقع خیبرپختونخوا ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج کے فیصلے نے ثابت کیا ہے کہ ہم ڈٹے رہے، ہماری عدالتیں آزاد ہوں گی آج کا دن ایک اہم سنگ میل ہے لیکن ہم کوشش کرتے رہیں گے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا  فیصلہ ایک اشارہ ہے، کوئی بھی فیصلہ ہمارے خلاف آتا ہے ہم اس کے خلاف اپیلیں دائر کریں گے، عوام کو پتا چل گیا ہے کہ نو مئی کا کیس ایک جھوٹا بیانیہ تھا، ہم سمجھتے ہیں ہمیں انصاف ملے گا۔ فیصلے کو ایوانوں میں بیٹھے لوگ سمجھ جائیں تو اچھا ہے ورنہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے، عوام کو معلوم ہوگیا کہ نو مئی کا بیانیہ دو پولیس والوں کی گواہی پر کھڑا ہے۔لطیف کھوسہ نے کہا  آج بڑی دیر کے بعد ہمیں ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ملا ہے، جب بھی موقع ملا ہم چھبیسویں ترمیم کو ختم کردیں گے، بانی پی ٹی آئی دو سال سے جیل میں ہیں وہ جلد باہر آئیں گے، پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج صاحب کا شکر گزار ہوں   انہوں نے حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ دیا، آج کا فیصلہ ان قوتوں کیلئے پیغام ہے جنہوں نومئی کا جھوٹا بیانیہ بنایا، آج پاکستان تحریک انصاف کی جیت کا دن ہے، ہم آئندہ بھی آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔