لاہور : ضلعی انتظامیہ لاہور کی مؤثر حکمت عملی اور مسلسل کارروائیوں کے باعث شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی اور استحکام دیکھا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ناجائز منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں متحرک ہیں اور نرخناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں سنگین خلاف ورزیوں پر 1 لاکھ روپے کے چالان کیے گئے جبکہ 6 مقدمات بھی درج کیے گئے۔ روزمرہ استعمال کی سبزیوں جیسے بھنڈی اور لوکی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں۔پھلوں کی قیمتوں کے حوالے سے کیلا، آڑو اور آم کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جب کہ سیب، انار، آلو بخارا، کھجور اور خربوزہ کی قیمتیں مستحکم ریکارڈ کی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی زائد نرخوں پر اشیاء کی فروخت یا نرخنامہ غائب ہونے کی شکایت ہو تو فوری طور پر ضلعی کنٹرول روم کے نمبر 0307-0002345 پر اطلاع دیں۔ شہری سوشل میڈیا کے ذریعے بھی براہ راست ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک اشیائے خورونوش کی قیمتیں عوام کی پہنچ میں نہ آ جائیں۔