اوپن مارکیٹ میں سبزیوں، پھلوں اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

اوپن مارکیٹ میں سبزیوں، پھلوں اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

اوپن مارکیٹ میں سبزیوں، سبز مصالحہ جات اور موسمی پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جبکہ متعدد اشیاء سرکاری نرخوں کے برعکس زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

مارکیٹ سروے کے مطابق پیاز کی سرکاری قیمت 80 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہ 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ اسی طرح ٹماٹر کی قیمت 125 روپے کے مقابلے میں 150 سے 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔سبز مصالحہ جات میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں چائینہ لہسن 325 روپے کے بجائے 420 روپے فی کلو، ادرک 300 کے بجائے 350 روپے اور سبز مرچ 100 روپے کے بجائے 150 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔لیموں دیسی کی قیمت بھی بڑھ کر 230 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ شلجم، بھنڈی، پالک اور دیسی ٹینڈوں سمیت دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

موسمی پھلوں میں بھی مہنگائی کا رجحان برقرار ہے۔ سندھڑی آم 237 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو، دوسہری 300 روپے اور انور رٹول 400 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہے ہیں۔ اسی طرح سیب اور کیلے کی قیمتوں میں بھی اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔مصالحہ جات میں الائچی کی قیمت 605 روپے کے بجائے 780 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔شہریوں نے بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔