لاہور: شفیق آباد کے علاقے میں معمولی تنازعہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا، جہاں محلے دار کی فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شفیق آباد میں پیش آیا جہاں جھگڑے کے دوران ملزم وقار نے اپنے والد امانت کے ساتھ مل کر محلے دار موسیٰ پر اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ موسیٰ کو 6 گولیاں لگیں جس کے بعد اسے فوری طور پر تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھگڑا ذاتی نوعیت کا تھا جس نے شدت اختیار کی اور فائرنگ پر منتج ہوا۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ زخمی نوجوان کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے اور وہ اسپتال میں زیرعلاج ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان پہلے بھی تلخ کلامی ہو چکی تھی، تاہم فائرنگ کے واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ملزمان کی موجودگی سے متعلق معلومات ہوں تو فوری طور پر اطلاع دی جائے۔