ویب ڈیسک: بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی جھوٹی خبریں اور گمراہ کن ویڈیوز ایک بار پھر بے نقاب ہو گئیں۔
عالمی نشریاتی ادارے "ڈی ڈبلیو" (DW) نے اپنے فیکٹ چیک کے ذریعے بھارتی پروپیگنڈے کی حقیقت آشکار کر دی۔تفصیلات کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں ایک ویڈیو بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کے شہر سیالکوٹ پر بھارتی حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم، ڈی ڈبلیو کی تحقیق سے معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو درحقیقت ایک ماہ پرانے ممبئی کے گیس سلنڈر دھماکے کی ہے جسے سیالکوٹ کا رنگ دے کر پھیلایا گیا۔ڈی ڈبلیو کی رپورٹ کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پاک فوج کے ترجمان (ڈی جی آئی ایس پی آر) کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی، جو مکمل طور پر جعلی نکلی۔ اس ویڈیو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کے اصل الفاظ کو مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تبدیل کیا گیا تاکہ غلط پیغام عام کیا جا سکے۔اس کے علاوہ، ایک اور ویڈیو جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی جارحیت کی حمایت کی ہے، وہ بھی فیک نکلی۔
ڈی ڈبلیو کے مطابق یہ ویڈیو AI ٹولز کی مدد سے تیار کی گئی اور اس طرح کا کوئی بیان صدر ٹرمپ کی جانب سے سامنے نہیں آیا۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا ماضی میں بھی ایسے گمراہ کن ہتھکنڈوں کا استعمال کرتا رہا ہے، تاکہ سچائی پر پردہ ڈالا جا سکے اور عوام کو جذباتی طور پر اشتعال دلایا جا سکے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کی جعلی خبریں اور ویڈیوز خطے میں کشیدگی کو بڑھا سکتی ہیں۔بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے بھارتی جھوٹ کا پردہ فاش کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کی پروپیگنڈا مشینری دنیا کی آنکھوں سے اوجھل نہیں رہی۔ ڈی ڈبلیو کی رپورٹ نے بھارت کے مکروہ چہرے کو عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔