ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی کا 25واں اجلاس آج (پیر) دوپہر 2 بجے اسمبلی ہال لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کریں گے، جس میں اہم قانون سازی سمیت سیاسی و قومی امور پر بحث کی جائے گی۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک، نعتِ رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوگا۔ اجلاس کے دوران لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ سے متعلق اراکین کے سوالات کے جوابات دیے جائیں گے، جب کہ توجہ دلاؤ نوٹسز، تحریک التوائے کار اور تحریکِ استحقاق بھی ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔
اہم قانون سازی متوقع:
اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے دو اہم بل ایوان میں پیش کیے جائیں گے:
دی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ترمیمی بل 2025
دی پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول بل 2025
یہ دونوں بل قانون سازی کے عمل کا حصہ بنیں گے، جن پر بعد ازاں تفصیلی بحث اور منظوری متوقع ہے۔
بھارتی حملے کے خلاف قرارداد:
اجلاس میں ملکی سلامتی سے متعلق ایک اہم موقع پر بھارتی حملے کے خلاف ایک متفقہ قرارداد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں پیش کی جائے گی۔ یہ قرارداد بھارتی جارحیت کی شدید مذمت اور پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اظہار کرے گی۔پنجاب اسمبلی کے آج کے اجلاس کو سیاسی، پارلیمانی اور قانون سازی کے حوالے سے خاصی اہمیت حاصل ہے۔ حکومت اور اپوزیشن دونوں کی جانب سے ایوان میں بھرپور شرکت اور بحث متوقع ہے۔