امید ہے مستقبل میں بھارتی حکومت جارحیت اور دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے سے باز آئے گا ،حاجی گلبر خان
گلگت (آئی ا ین پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہئے جس نے پاکستان کو سرخرو کیا۔ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور دشمن کو شکست دینے پر ہم افواج پاکستان خصوصاً سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، پاک آرمی ، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ جاری بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کے عوام نے حالیہ دنوں میں جس اتحاد اور اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بہادر افواج کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے تھے اس کے بعد دشمن کو یقینی شکست ہونی تھی۔ افواج پاکستان نے جس انداز میں بھارت کا غرور خاک میں ملایا ان کے رافیل گرائے ان کے تمام ملٹری تنصیبات کو نشانہ بناکر مودی کی نسلوں تک سبق سکھادیا اس پر ہم سب اپنے بہادر افواج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سیز فائر کا ہونا خوش آئند ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے اور ہمسایوں سے اچھے تعلقات بنانے کیلئے اقدامات کئے ہیں ، ہمیں امید ہے کہ مستقبل میں بھارتی حکومت جارحیت اور دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے سے باز آئے گا۔