رائیونڈ میں افسوسناک واقعہ،بچے کی شناخت فہد بلال کے نام سے ہوئی،دو افراد گرفتار کر لئے گئے
گرفتار یاسین اور زین پر الزام ہے کہ انہوں نے گٹر سیوریج کا پانی ڈالنے کے لیے مین ہول کھولا تھا
لاہور (کرائم رپورٹر) رائیونڈ کے علاقے میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں گلی میں کھیلنے والا پانچ سالہ بچہ نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق بچے کی شناخت فہد بلال کے نام سے ہوئی ہے۔ہسپتال ذرائع کے مطابق بچے کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس پی صدر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور کھلے مین ہول کے باعث پیش آنے والے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت کی ہے کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔پولیس تھانہ رائیونڈ نے ابتدائی قانونی کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت یاسین اور زین کے نام سے ہوئی ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے گٹر سیوریج کا پانی ڈالنے کے لیے مین ہول کھولا تھا۔پولیس کے مطابق مزید شواہد اکٹھے کرنے اور دیگر ممکنہ ذمہ داران کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور کھلے مین ہولز اور نکاسی آب کے خطرناک مقامات کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو بھی عوام کے تحفظ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔