لاہور،5 سالہ معصوم بچی نالے میں گر کر جاں بحق

بچی رکشے پربیٹھی تھی،دیوار گرنے سے  رکشے سمیت  نالے میں جا گری
  حادثہ موچی گیٹ پارکنگ پلازہ کی دیوار گرنے کی وجہ سے پیش آیا،تحقیقات شروع
 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقے تھانہ اکبری گیٹ کے حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 5 سالہ معصوم بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔ایس ایچ او اکبری گیٹ کے مطابق 5 سالہ معصومہ رکشہ کے اوپر بیٹھی تھی کہ اچانک نالے کی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں بچی رکشہ سمیت نالے میں جا گری اور زندگی کی بازی ہار گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ موچی گیٹ پارکنگ پلازہ کی دیوار گرنے کی وجہ سے پیش آیا۔ واضح رہے کہ سٹی ڈویژن میں یہ مختصر عرصے کے دوران دوسرا بڑا سانحہ ہے۔اس سے قبل بھی ایک ماں اور بیٹی نالے میں گر کر جاں بحق ہو چکی ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔