دوحہ (آئی این پی)قطر ایئر ویز نے کہا ہے کہ قطر سول ایوی ایشن اتھارٹی سے عارضی اجازت ملنے کے بعد جمعرات کو دوحہ سے آنے اور جانے والی 29 پروازیں چلائی جائیں گی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق کمپنی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ قطر سول ایوی ایشن اتھارٹی سے وقتی اجازت ملنے کے بعد محدود پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔ان پروازوں میں لندن، نیویارک اور میڈرڈ کے لیے پروازیں بھی شامل ہیں حالانکہ ایران کی جانب سے خلیج میں جوابی حملے جاری ہیں۔دوسری جانب آسٹریلیا کی کیوئنٹاس ایئر ویز، سکینڈینیویا کی ایس اے ایس اور ایئر نیوزی لینڈ نے پروازوں کے کرائے میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ اس کی وجہ مشرق وسطی کے تنازع کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اچانک اضافہ بتائی گئی ہے۔جیٹ فیول کی قیمتیں، جو امریکی-اسرائیلی حملوں سے پہلے 85 سے 90 ڈالر فی بیرل تھیں، حالیہ دنوں میں 150 سے 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہیں۔نیوزی لینڈ کی قومی ایئر لائن نے کہا کہ تنازع کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال کے باعث اس نے 2026 کے لیے اپنی مالی منصوبہ بندی معطل کر دی ہے