نادرا کا مشکوک شناختی کارڈز رکھنے والوں کیخلاف گھیرا مزید تنگ

افغان باشندوں کا جنوبی وزیرستان کے ایڈریس پر شناختی کارڈ بنوانے کا انکشاف ہوا
اسلام آباد(آئی این پی )نادرانے جعلی یا مشکوک شناختی کارڈ رکھنے والوں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کرتے ہوئے جانچ پڑتال کیلئے تصدیقی بورڈزقائم کردیئے۔رپورٹ کے مطابق  ملک کے ڈیٹاسینٹرز سے جعلی شناختی کارڈز کے1247 کیسز ریجنل بورڈز کوار سال کردئیے گئے ہیں۔افغان باشندوں کا جنوبی وزیرستان کے ایڈریس پر غیرقانونی شناختی کارڈ بنوانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد 81 افغان باشندوں کے شناختی کارڈز منسوخ اور 6 افراد کے کارڈ بلاک کئے جا چکے ہیں، کارڈ منسوخی کے بعد 560 فیملی ممبرزکو نادرا آرڈیننس کے تحت نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔  آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مشکوک شناختی کارڈ کے 1292 کیسزکی نشاندہی کی گئی، مشکوک شناختی کارڈ کے 417 کیسز نمٹائے جاچکے ہیں اور145 پر کارروائی بدستور جاری ہے۔