عمران خان کا 9 مئی کے 8 مقدمات کی جلد سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

 لاہور ،اسلام آباد(کرائم رپورٹر )بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 9مئی کے 8 مقدمات میں درخواست ضمانتوں کی جلد سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے جناح ہائوس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں متفرق درخواستیں دائر کیں درخواست میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کو سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے،عدالت نو مئی کے آٹھ مقدمات میں درخواست ضمانتوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرے اور عدالت متفرق درخواست پر سماعت کرے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کیجسٹس انعام امین منہاس کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے اور وکالت ناموں کے معاملہ پر توہین عدالت درخواست میں جیل حکام کوبانی پی ٹی آئی سے وکالت نامے دستخط کرواکر عدالت پیش کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے استفسار کیاکہ وکالت نامے کب سے ان کے پڑے ہوئے ہیں،جس پر نمائندہ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایاکہ ان کا کوئی وکالت نامہ ہمارے پاس نہیں پڑا ہوا، شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہاکہ جیل سپرنٹنڈ نٹ کی کال آئی تھی کہ پہلے والوں کا علم نہیں ابھی دے دیں کرادیں گے،جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ آپ وکالت نامے ان کو دیں یہ یہاں ہی واپس کریں گے،باقی ہم تفصیلی آرڈر کریں گے، عدالت نے سماعت آج تک کیلئے ملتوی کردی۔