علیٰ الصبح کیے گئے حملے کے بعد کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی، کم ازکم 69ڈرون تباہ ہوئے، میئرماسکو
کیف(آئی این پی )یوکرین نے منگل کو علیٰ الصبح روس کے دارالحکومت ماسکو پر جنگ کے آغاز کے بعد سب سے بڑے ڈرون حملے کیے ہیں، جن میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ کئی عمارتوں میں آگ لگ گئی اور فضائی و ٹرین سروسز معطل ہوگئیں۔غیرملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق ماسکو کے گورنر آندرے ووروبائیوف نے میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہاکہ علیٰ الصبح 4بجے ماسکو شہر اور خطے پر ایک بڑا ڈرون حملہ کیا گیا، فی الحال ایک شخص کی موت اور 3 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے کہا کہ کم از کم 69ڈرون تباہ ہوئے جو کئی مراحل میں شہر کے قریب پہنچے تھے۔روس کے ایوی ایشن واچ ڈاگ کا کہنا ہے کہ حملوں کے بعد ماسکو کے چاروں ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کر دی گئی ہیں تاکہ فضائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔