پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری اپنے شناختی کارڈ سمارٹ فونز میں محفوظ کرسکیں گے
اسلام آباد (یواین پی) نادرا نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل شناختی کارڈ متعارف کرادیا۔ تفصیلات کے مطابق نادرا نے اپنی سلور جوبلی کے موقع پر پاکستان میں پہلی بار ڈیجیٹل شناختی کارڈ کا اجراء کیا ہے جس کو ’ڈی مٹیریلائزڈ آئی ڈی کارڈ‘ کا نام دیا گیا ہے، جو کارڈ ڈیجیٹل شناخت کی جانب اہم قدم ہے، جس کے تحت نئے ڈیجیٹل آئی ڈی کارڈ کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں ضم کیا جائے گا، جس سے شہری اپنے شناختی کارڈ اپنے سمارٹ فونز میں محفوظ کرسکیں گے، پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں فیچر شامل کیے جانے کے بعد شہریوں کو موبائل میں شناختی کارڈ رکھنے کی سہولت حاصل ہوگی۔نادرا ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی تقریب میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ ڈیجیٹل تصدیقی نظام جلد متعارف کرایا جائے گا، ڈی مٹیریلائزڈ کارڈ کی تصدیق کا مربوط نظام بھی وضع کیا جارہا ہے، نادرا کے وسیع نیٹ ورک کی بدولت شناختی خدمات آج ہرپاکستانی کی پہنچ میں ہیں، قومی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے نادرا کی معاونت لائق تحسین ہے۔