فٹبال میں نئی ٹیکنالوجی متعارف، پہلی بار ڈیجیٹل یلو کارڈ کا استعمال

 یہ تجربہ کوپا یوراگوئے کے ایک میچ کے دوران کیا گیا:بین الاقوامی میڈیا رپورٹ
لندن (سپورٹس ڈیسک)فٹبال کی دنیا میں نئی ٹیکنالوجی متعارف کروا دی گئی۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یوراگوئے میں ایک ریفری نے روایتی پیلے اور سرخ کارڈز کے بجائے اسمارٹ فون جیسی الیکٹرانک ڈیوائس استعمال کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ تجربہ کوپا یوراگوئے کے ایک میچ کے دوران کیا گیا، جہاں 15 اکتوبر کو ناسیونال اور رینٹسٹاس کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ایک کھلاڑی کو پہلی مرتبہ ڈیجیٹل یلو کارڈ دکھایا گیا، اس میچ میں ناسیونال نے0-3 سے کامیابی حاصل کی۔رپورٹ کے مطابق میچ کے 12 ویں منٹ میں ریفری ایڈورڈو ویریلا نے رینٹسٹاس کے کھلاڑی خوان پابلو پلاڈا کو فال پر ڈیجیٹل یلو کارڈ دکھایا، کسی بھی فٹبال میچ میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال کا یہ پہلا تجربہ تھا۔رپورٹ کے مطابق یہ آلہ دیکھنے میں اسمارٹ فون جیسا ہے اور اس پر دو بٹن موجود ہیں، پیلا کارڈ دکھانے کے لیے پہلا بٹن دبایا جاتا ہے، جس سے اسکرین پیلی ہوجاتی ہے، جب کہ سرخ کارڈ دکھانے کے لیے دوسرے بٹن کا استعمال کیا جاتا ہے، جس سے اسکرین سرخ رنگ کی ہو جاتی ہے۔