بھارتی گلوکار گرو رندھاوا ک ایک نئے تنازع اور سیکیورٹی خدشات کا شکار ہوگئے ہیں، جب دہلی میں واقع ان کے فٹنس جم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ دہلی کے علاقے پشم وہار میں 10 جون کو پیش آیا، جہاں دو موٹر سائیکل سوار افراد نے جم کے باہر آ کر متعدد گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس اور سیکیورٹی ادارے موقع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔واقعے کے کچھ دیر بعد سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ سامنے آیا جس میں مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے منسلک افراد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی ایک “انتباہ” تھی۔ ان دعوؤں میں الزام لگایا گیا کہ گرو رندھاوا کی قربت بالی ووڈ اداکار سلمان خان سے بڑھ رہی ہے، جس پر مزید حملوں کی دھمکی بھی دی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے دعوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ سلمان خان اور مبینہ بشنوئی گینگ کے درمیان تنازع کی جڑ 1998 کے کالے ہرن کے شکار کیس سے جوڑی جاتی ہے، جس کے بعد سے انہیں مختلف مواقع پر دھمکیوں اور سیکیورٹی خدشات کا سامنا رہا ہے۔